انٹرٹینمنٹ

اداکارہ اریج فاطمہ کا کینسر سے کامیاب جنگ کے بعد "دوسری زندگی” کا آغاز

اوہائیو: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سابقہ معروف اداکارہ اریج فاطمہ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک نایاب اور مہلک کینسر "کوریوکارسینوما” میں مبتلا ہونے کے بعد مکمل طور پر صحتیاب ہو چکی ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی کے اس انتہائی مشکل سفر کو سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔

اریج فاطمہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصاویر اور ایک تفصیلی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اپنی زندگی کے خوشگوار لمحات گزار رہی تھیں اور لمبی عمر کی امید رکھتی تھیں، مگر اچانک ہی انہیں اس خطرناک بیماری کی تشخیص ہوئی، جو عام طور پر مولر پریگننسی کے بعد پیدا ہو سکتی ہے۔

اداکارہ کے مطابق، گزشتہ چار ماہ ان کے لیے جسمانی، ذہنی اور جذباتی طور پر بے حد کٹھن رہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران وہ کسی سے اس بیماری کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتی تھیں کیونکہ انہیں ڈر تھا کہ لوگ ان کا مذاق اُڑائیں گے۔

اریج فاطمہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:

"مجھے دو خوف تھے: ایک اللہ کے سامنے پیشی، اور دوسرا یہ کہ میرے بعد میرے بچوں اور خاندان کا کیا ہوگا۔”

انہوں نے صحتیابی کو اپنی "دوسری زندگی” قرار دیتے ہوئے اپنے شوہر، بچوں اور خاندان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل وقت میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے لوگوں کو پیغام دیا کہ وہ باقاعدہ میڈیکل چیک اپ کرواتے رہیں اور صحت کو کبھی نظرانداز نہ کریں۔

یاد رہے کہ اریج فاطمہ نے 2017 میں ڈاکٹر اوزیر علی سے شادی کے بعد امریکہ کے شہر اوہائیو میں مستقل سکونت اختیار کر لی تھی۔ ان کے دو بیٹے ہیں اور اب وہ ایک ڈیجیٹل کریئیٹر اور انفلوئنسر کے طور پر سرگرم ہیں۔

انہوں نے 2019 میں ڈرامہ سیریل "حسد” کے بعد شوبز کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ ان کے مقبول ڈراموں میں "ایک پل”، "آپ کے لیے”، "عشق پرست” اور "ہم نشین” شامل ہیں۔

مداحوں اور شوبز حلقوں کی جانب سے اریج فاطمہ کی صحتیابی پر نیک خواہشات اور محبت بھرے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button