
گنڈاپور کو وارننگ:اسلام آباد کی تابعداری چھوڑیں گے، تو اقتدار بھی جائے گا،گونر کے پی
اسلام آباد / بھٹ شاہ (ویب ڈیسک) – گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خبردار کیا ہے کہ اگر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور وفاقی حکومت کی تابعداری ترک کرتے ہیں تو ان کے خلاف اگلے ہی دن تحریک عدم اعتماد پیش کر دی جائے گی۔
اپنے بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ "ہم جب چاہیں خیبرپختونخوا میں حکومت تبدیل کر سکتے ہیں۔ علی امین گنڈاپور اسلام آباد کے اشاروں پر چلتے ہیں، اور جیسے ہی وہ تابعداری چھوڑیں گے، ان کے اقتدار کا خاتمہ یقینی ہوگا۔”
گزشتہ روز بھٹ شاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ "قلعہ بالا حصار سے بھاگنا ہو یا ڈی چوک پر سرگرمیاں، گنڈاپور ہمیشہ ہدایت پر عمل کرتے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ جب بھی ہمیں نمبر پورے ہوئے، وزیراعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد لائی جائے گی۔
فیصل کریم کنڈی نے پی ٹی آئی کے سینیٹرز پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ "پی ٹی آئی کے منتخب 6 سینیٹرز میں سے ایک تو حلف لینے بھی نہیں آسکتا، جبکہ باقی پانچ میں سے بھی ایک سینیٹر ہمارے ساتھ ہے اور وقت آنے پر ہمارے حق میں ووٹ دے گا۔”
ان بیانات کے بعد سیاسی حلقوں میں خیبرپختونخوا حکومت کے مستقبل اور ممکنہ عدم اعتماد کے حوالے سے نئی بحث چھڑ گئی ہے۔