فیصلے کی گھڑی آج آ پہنچی شاہ محمود، یاسمین راشد سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف 9 مئی کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا
لاہور (ویب ڈیسک) – لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو تھانہ شادمان اور جناح ہاؤس کے قریب جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات کا ٹرائل مکمل کر کے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، جو آج سنایا جائے گا۔
عدالت میں ہونے والی کارروائی کے مطابق، تھانہ شادمان میں جلاؤ گھیراؤ اور پولیس کی گاڑیاں نذر آتش کرنے کے مقدمے میں مجموعی طور پر 41 ملزمان کے خلاف چالان جمع کرایا گیا، جن میں سے 25 کا باقاعدہ ٹرائل ہوا، 15 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے جبکہ ایک ملزم وفات پا چکا ہے۔
مقدمے میں اب تک 45 گواہان نے عدالت میں شہادتیں ریکارڈ کرائی ہیں۔ نامزد افراد میں پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنما شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید شامل ہیں۔
اسی طرح 9 مئی کے دوسرے واقعے میں، جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں 65 گواہوں نے شہادت دی، جب کہ 17 ملزمان کا ٹرائل کیا گیا۔ ان میں 7 افراد کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے جبکہ ایک ملزم انتقال کر چکا ہے۔
دونوں مقدمات کا جیل ٹرائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے ریمارکس دیے کہ چونکہ وقت کم ہے، اس لیے فیصلہ آج بروز پیر کو سنایا جائے گا۔
ان مقدمات کو ملک کی حالیہ سیاسی تاریخ کے اہم عدالتی مراحل میں شمار کیا جا رہا ہے، جن کا فیصلہ ممکنہ طور پر آئندہ سیاسی منظرنامے پر گہرے اثرات ڈال سکتا ہے۔





