واشنگٹن ڈی سی (نمائندہ خصوصی) — پاکستان کے فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا انتہائی مشکور ہے جن کی اسٹریٹجک قیادت نے نہ صرف پاک بھارت کشیدگی کو جنگ میں بدلنے سے روکا بلکہ دنیا میں جاری کئی ممکنہ جنگوں کے خطرے کو بھی ٹال دیا۔
امریکا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ حالیہ بھارتی جارحیت نے جنوبی ایشیا کو ایک خطرناک جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا تھا۔ اگر اس وقت کوئی معمولی غلطی بھی ہوتی، تو دو طرفہ تصادم ایک بڑی تباہی کا باعث بن سکتا تھا۔ تاہم صدر ٹرمپ کی بروقت سفارتی کوششوں اور قیادت نے حالات کو بگاڑنے سے روک دیا۔
پاک-امریکا تعلقات میں نئی پیش رفت
انہوں نے کہا کہ محض ڈیڑھ ماہ کے وقفے کے بعد ان کا دوسرا دورہ امریکا، دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئی جہت کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان دوروں کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو ایک تعمیری، پائیدار اور مثبت راستے پر گامزن کرنا ہے، جو مستقبل میں مزید تعاون کی بنیاد بنے گا۔
پاکستان دہشتگردی کے خلاف آخری فصیل
فیلڈ مارشل نے کہا کہ اس وقت پاکستان دہشتگردی کے خلاف آخری فصیل کے طور پر کھڑا ہے۔ ملک کی سرزمین پر دہشتگردوں کے لیے کوئی ہمدردی نہیں اور وہ انصاف سے نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست، دہشتگردوں کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کارروائی جاری رکھے گی۔
اوورسیز پاکستانیوں کو خراجِ تحسین
خطاب میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی وطن عزیز سے گہری وابستگی اور عقیدت رکھتے ہیں۔ ناگہانی آفات کے موقع پر ہمیشہ سب سے پہلے لبیک کہنے والوں میں بیرون ملک پاکستانی سب سے آگے ہوتے ہیں۔ ان کی خدمات اور قربانیاں قومی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔
غزہ میں جاری نسل کشی، عالمی ضمیر کے لیے چیلنج
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے غزہ میں جاری صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں نسل کشی جیسے بدترین انسانی المیے نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کے سنگین علاقائی اور عالمی مضمرات ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔





