پاکستانتازہ ترین

"گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ دوبارہ شروع، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی”

اسلام آباد (ویب ڈیسک) — پاکستان بھر کے شہریوں کے لیے خوشخبری! محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج سے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو رہا ہے، جو موسم کو خوشگوار اور درجہ حرارت کو معتدل بنا دے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، 13 اگست کی شام سے ایک اور طاقتور بارشوں کا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا، جو اگلے ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک کے مطابق، اسلام آباد، راولپنڈی، اور پنجاب کے دیگر شہروں میں آئندہ دنوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔ ان بارشوں سے نہ صرف گرمی اور حبس کا خاتمہ ہوگا بلکہ زیرِ زمین پانی کی سطح میں بہتری، اور زرعی شعبے کو بھی فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔

دوسری جانب، لاہور میں رات گئے ہونے والی بارش نے موسم کو دلکش بنا دیا۔ گلبرگ، کلمہ چوک، برکت مارکیٹ، کینال روڈ اور مسلم ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں ہونے والی بارش سے ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں، جنہوں نے حبس اور گرمی کا زور توڑ دیا۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

جبکہ کراچی میں موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہے گا۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور زیادہ سے زیادہ 32 سے 34 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران حفاظتی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر نشیبی علاقوں اور سفر کے دوران احتیاط برتیں۔

یہ بارشیں نہ صرف موسم کو سہانا بنائیں گی بلکہ گرمی سے ستائے شہریوں کے لیے راحت کا سامان بھی ہوں گی۔ کسانوں کے لیے بھی یہ بارشیں خوشخبری لائیں گی، کیونکہ ان سے فصلوں کو فائدہ پہنچے گا۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button