اسلام آباد، 10 اگست 2025 — پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما بیرسٹر عمیر نیازی نے وضاحت کی ہے کہ پارٹی رہنما شیرافضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کسی قانونی مشیر یا پارٹی عہدیدار کا نہیں، بلکہ بانی پی ٹی آئی کا ذاتی فیصلہ تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عمیر نیازی نے کہا کہ اس معاملے میں نہ سلمان راجہ اور نہ ہی بیرسٹر گوہر نے کوئی فیصلہ کیا، بلکہ مکمل اختیار بانی تحریک انصاف نے استعمال کیا۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پارلیمانی پارٹی کے حالیہ اجلاس میں شیرافضل مروت کی ممکنہ واپسی سے متعلق کوئی بات زیر بحث نہیں آئی۔ پارٹی کے چیف وہب، عامر ڈوگر نے بھی اس حوالے سے کسی بھی قسم کی قیاس آرائی کو مسترد کرتے ہوئے مکمل تردید جاری کی ہے۔
بیرسٹر عمیر نیازی نے پاکستان کی سیاسی فضا پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
"بدقسمتی سے ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے اندر رواداری کا شدید فقدان پایا جاتا ہے، جو کہ جمہوری عمل اور سیاسی مکالمے کے لیے ایک خطرناک رجحان ہے۔”
ان کا کہنا تھا کہ اختلاف رائے کو ذاتی دشمنی سمجھنے کا رویہ سیاسی بلوغت کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے، جس پر تمام جماعتوں کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔





