لاہور/اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرمی اور حبس کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں 13 اگست سے بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالعزیز کے مطابق لاہور میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی جبکہ تیز بارش کا فی الحال کوئی امکان نہیں۔ صرف ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ حبس کی کیفیت مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی پنجاب، خطۂ پوٹھوہار، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک، چکوال، سیالکوٹ، خوشاب، گجرات، گوجرانوالہ اور نارووال سمیت متعدد علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے سوات، دیر، بونیر، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، پشاور، ایبٹ آباد، مردان، مالاکنڈ اور دیگر علاقوں میں بھی بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم کراچی اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
نوشہرہ میں بارشوں کا سلسلہ جاری، ندی نالے بپھر گئے
ادھر نوشہرہ اور ملحقہ علاقوں میں رات سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے جس کے باعث ندی نالے بپھر گئے، اور کئی علاقوں میں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا۔ ریلوے کالونی اور متعدد نشیبی علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔ ڈسپنسری سمیت کئی مقامات متاثر ہوئے ہیں جبکہ بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور حبس زدہ رہا، تاہم اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، خطۂ پوٹھوہار، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور نشیبی علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔





