
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت مکمل سیاسی شعور کے ساتھ ملکی معاملات چلا رہی ہے اور آئندہ دو سے تین سال کے دوران عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بچوں کا پاکستان نہ آنا حیران کن نہیں، کیونکہ وہ پہلے بھی اہم مواقع پر پاکستان نہیں آئے تھے۔ موجودہ صورتحال میں ان کا بیرونِ ملک قیام زیادہ مناسب ہے۔ اگر وہ پاکستان آنے کے لیے ویزہ مانگیں گے تو حکومت ان کو ویزہ جاری کر دے گی۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی حالیہ ملاقات کو تعزیت کا موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات کو سیاسی رنگ دینا درست نہیں۔ "سیاستدان جب ملتے ہیں تو عمومی بات چیت ہو جاتی ہے، اسے سیاسی جوڑ توڑ سمجھنا قبل از وقت ہوگا،” رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا۔
انہوں نے زور دیا کہ اتحادی حکومت اپنے فیصلوں پر مطمئن ہے اور عوام کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے پالیسی سازی میں سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے