پاکستانتازہ ترین

خیبر پختونخوا میں حکومت کی تبدیلی ممکن ہے، مناسب وقت پر اکثریت ثابت کریں گے: امیر مقام

صوابی (نمائندہ خصوصی) – پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر اور وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں حکومت کی تبدیلی خارج از امکان نہیں، اور وقت آنے پر اپوزیشن اتحاد 53 اراکین اسمبلی کے ساتھ پانسہ پلٹ سکتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ن لیگ ایک مضبوط اور مؤثر اپوزیشن کے طور پر سیاسی منظرنامے میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

وہ صوابی میں ن لیگ کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری حاجی دلدار خان کے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

امیر مقام نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ سے مذاکرات پر یقین رکھتی ہے اور اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مشاورت کیلئے تیار ہے، لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت اس عمل سے گریزاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو چاہیے کہ وہ عدالتوں کا سامنا کریں، کیونکہ اُن کے خلاف مقدمات کا فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے، نہ کہ سڑکوں پر شور مچانے سے انصاف ہوگا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات اور فیصلوں سے مسلم لیگ (ن) کا کوئی تعلق نہیں، تاہم ریاستی اداروں اور قومی یکجہتی کے خلاف سرگرمیوں پر پوری قوم کا مؤقف واضح ہے۔

یوم استحصالِ کشمیر کے موقع پر پی ٹی آئی کے احتجاج پر تنقید کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ ایسی حرکات قومی مفاد کے خلاف ہیں، اور 14 اگست کو جشن آزادی کے دن افراتفری پھیلانے کی کال دینا دراصل ملک دشمنی کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی دستیاب قیادت ملک میں انتشار پیدا کر کے دشمن قوتوں — بھارت اور اسرائیل — کو خوش کرنا چاہتی ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت 14 اگست کو شایان شان طریقے سے منائے گی اور افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا جائے گا۔

امیر مقام نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کو حب الوطنی اور ترقی کے ایجنڈے پر ووٹ دیا ہے، اور آئندہ بھی ملک میں حکومت سبز ہلالی پرچم کے ماننے والوں کی ہوگی۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button