
راولپنڈی – پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ اور سماجی رہنما علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے بیٹے قاسم اور سلیمان پاکستان آنے کے خواہشمند ہیں اور حکومت انہیں آنے سے نہیں روک سکتی۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کیے گئے کیسز بے بنیاد ہیں اور ان کا جرم صرف یہ ہے کہ وہ عمران خان کا پیغام عوام تک پہنچاتی ہیں۔ انہوں نے کہا: "کیا عمران خان کا پیغام عوام میں لانا جرم ہے؟ یہ سب ناجائز کیسز ہیں، جن کا مقصد صرف دباؤ ڈالنا ہے۔”
انہوں نے واضح کیا کہ ان پر قتل کیس میں بھی وارنٹ گرفتاری نکالے گئے ہیں، لیکن وہ کسی بھی غیر قانونی اقدام سے خوفزدہ نہیں۔ "جب گرفتاری کرنا ہوگی، کر لیں، ہم ڈرنے والے نہیں،” انہوں نے پُرعزم لہجے میں کہا۔
علیمہ خان نے عدالتی نظام پر اعتماد کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ججز کو عوامی دباؤ اور سچائی کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ "غلط کیسز کو رد کریں، انصاف دیں یا اگر جرم ہے تو سزا دے دیں۔ انصاف نہ دینا بھی ایک ناانصافی ہے۔”
انہوں نے بتایا کہ عمران خان کے دونوں بیٹے قاسم اور سلیمان ویزے کے لیے برٹش پاسپورٹ پر اپلائی کر چکے ہیں اور اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ انہیں پاکستان آنے سے نہ روکے۔ "نائیکوپ کارڈ کے بغیر حکومت چھ ماہ تک معاملہ لٹکا سکتی ہے، لیکن ہم روزانہ کوشش کر رہے ہیں۔” انہوں نے بتایا کہ طلال چوہدری سمیت دیگر متعلقہ حکام سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔