اوورسیزکھیل

غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری، 24 گھنٹوں میں 150 سے زائد فلسطینی شہید — سابق فٹبال کپتان سلیمان العبید بھی جاں بحق

غزہ (بین الاقوامی ڈیسک):
اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری اور زمینی حملے شدت اختیار کر گئے ہیں، جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 150 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہید ہونے والوں میں اکثریت ان افراد کی ہے جو امداد کے انتظار میں کھڑے تھے۔

فلسطینی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان کی شہادت
المناک پہلو یہ ہے کہ اسرائیلی فائرنگ کی زد میں آ کر فلسطینی قومی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان، سلیمان العبید بھی شہید ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق وہ امدادی کھانے کے حصول کے لیے قطار میں کھڑے تھے جب حملہ کیا گیا۔

کھیلوں کی عالمی برادری میں اس خبر نے شدید رنج و غم کی لہر دوڑا دی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 662 فلسطینی کھلاڑی شہید ہو چکے ہیں۔

امدادی قافلے کا حادثہ، مزید 20 جانیں ضائع
اسرائیلی افواج کی بمباری سے سڑکیں ناقابلِ استعمال ہو چکی ہیں، جس کے باعث ایک امدادی ٹرک الٹنے کا واقعہ پیش آیا، جس میں 20 فلسطینی شہید ہو گئے۔ متاثرین امداد حاصل کرنے کی کوشش میں جان کی بازی ہار گئے۔

خوراک کی قلت: 193 افراد بھوک سے جاں بحق، 96 بچے شامل
غزہ میں جاری محاصرے اور ناکہ بندی نے خوراک کا بحران پیدا کر دیا ہے۔ غیر ملکی رپورٹوں کے مطابق اب تک 193 افراد بھوک اور غذائی قلت کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 96 بچے بھی شامل ہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button