نمبر ون ٹی20 بولر سعدیہ اقبال کی سالگرہ آئرلینڈ میں منائی گئی، آئرلینڈ کے خلاف جیت کا عزم
ڈبلن: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی اسٹار اسپنر اور آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون ٹی20 بولر سعدیہ اقبال کی سالگرہ آئرلینڈ کے کلونٹارف کرکٹ گراؤنڈ میں خوشگوار ماحول میں منائی گئی۔
سالگرہ کی تقریب میں ٹیم کی تمام کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور مینجمنٹ نے شرکت کی۔ سعدیہ اقبال نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کیک کاٹا اور سب کی محبتوں کا شکریہ ادا کیا۔ کھلاڑیوں اور اسٹاف نے انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی اور مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
"آئرلینڈ کیخلاف جیت کی خوشی سالگرہ کا بہترین تحفہ ہوگی” — سعدیہ اقبال
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سعدیہ اقبال نے کہا:
"میری سالگرہ ٹیم کے ساتھ منانا ایک یادگار لمحہ ہے۔ انشاءاللہ آئرلینڈ کے خلاف پہلا میچ جیت کر خوشیاں دوبالا کریں گے۔”
پاکستان بمقابلہ آئرلینڈ ویمنز ٹی20 سیریز کا آغاز کل سے
پاکستان ویمنز ٹیم آئرلینڈ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز میں شرکت کے لیے ڈبلن میں موجود ہے۔ سیریز کا پہلا میچ بدھ، 7 اگست کو کھیلا جائے گا، جبکہ باقی دو میچز 8 اور 10 اگست کو اسی گراؤنڈ پر شیڈول ہیں۔
گرین شرٹس بلند حوصلوں کے ساتھ میدان میں اتریں گی اور سیریز میں فتح کا پُراعتماد آغاز کرنے کے لیے تیار ہیں۔




