
کرک: خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی کے نتیجے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے چار اہلکار شہید ہو گئے۔ واقعہ تھانہ گرگری کی حدود میں امان کوٹ توے کے علاقے میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق ایف سی اہلکار فیلڈ سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور تھے جب پہاڑ کی چوٹی پر گھات لگائے دہشتگردوں نے اچانک ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ حملہ انتہائی منظم اور منصوبہ بند تھا، جس میں اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔
شہداء کا تعلق لکی مروت اور ٹانک سے
ذرائع کے مطابق شہید اہلکاروں کا تعلق خیبرپختونخوا کے اضلاع لکی مروت اور ٹانک سے ہے۔ ان کی قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
سکیورٹی فورسز کا جوابی اقدام
ڈی پی او کرک شہباز الٰہی کے مطابق واقعے کے فوراً بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے پہاڑی علاقوں میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں۔
قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے
ملک بھر میں اس واقعے کی شدید مذمت کی جا رہی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر شہداء کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی اور افسوس کا سلسلہ جاری ہے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ دہشتگردوں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔