
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 5 اگست تاریخ کا سیاہ ترین دن بن چکا ہے، جب بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے کشمیریوں سے ان کے بنیادی حقوق چھین لیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے جذبے کے ساتھ کھڑا ہے۔
یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر جاری کردہ ویڈیو پیغام میں عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نہ صرف غاصبانہ قبضہ مزید مضبوط کیا بلکہ کشمیری عوام پر ظلم و جبر کی انتہا کر دی۔ پوری دنیا نے بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اپنی آنکھوں سے دیکھی ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت ملنا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت کی حکومت آج پوری دنیا میں بے نقاب ہو چکی ہے۔ 5 اگست 2019ء کا اقدام نہ صرف غیرقانونی تھا بلکہ کشمیریوں کی امنگوں کے بھی سراسر خلاف تھا۔ اس موقع پر انہوں نے کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ بھارت کے غاصبانہ اقدامات ایک دن ضرور واپس ہوں گے اور کشمیریوں کو ان کا حق ضرور ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری کشمیر کو اپنی شہ رگ سمجھتا ہے، اور کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہنا ہمارا قومی، اخلاقی اور انسانی فریضہ ہے۔