
اسلام آباد – 4 اگست 2025
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء خود تو دنیا سے چلے جاتے ہیں، مگر ہمیں زیادہ محفوظ کر جاتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں ملک کے امن کی بنیاد ہیں۔
طلال چودھری نے تقریب میں شریک اہلکاروں اور شہداء کے لواحقین کو وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا محبت بھرا پیغام پہنچایا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ دیا گیا، جن میں پولیس کی قربانیاں بھی نمایاں اور بے مثال ہیں۔
قربانیوں پر سیاست قابل قبول نہیں
انہوں نے کہا کہ:
"سیاستدانوں کو اپنی ذمہ داریاں نبھانی ہوں گی، غیر ذمہ داری اب قابلِ قبول نہیں۔ ہمارے سیکیورٹی فورسز کے جوان اور شہری روزانہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے رہے ہیں۔”
انہوں نے قربانیوں پر تنقید کرنے والوں کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا:
"یہ ہماری شہداء کی توہین ہے، اور اب ایسی باتیں برداشت نہیں کی جائیں گی۔”
پاکستان اور ایران کا مشترکہ عزم
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایران کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف لڑنے کا عہد کیا ہے۔ انہوں نے ایرانی صدر کے حالیہ دورے کو "بہت زبردست” قرار دیا اور کہا کہ حکومت پاکستان نے ہمسایہ ملک سے مختلف امور پر تفصیلی بات چیت کی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے وسائل محدود
انہوں نے اعتراف کیا کہ اسلام آباد پولیس کو ابھی بھی وسائل کی کمی کا سامنا ہے، تاہم حکومت اس مسئلے پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ افغانستان سے بھی رابطہ جاری ہے اور اُمید ظاہر کی کہ بلوچستان میں دہشت گردی میں نمایاں کمی آئے گی۔