
پنجاب یونیورسٹی اور وہان یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق سے نیا ہائبرڈ چاول تیار، پیداوار میں تین گنا اضافہ متوقع
لاہور – پنجاب یونیورسٹی اور چین کی وہان یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق کے نتیجے میں پاکستان میں پہلی بار ہانگ لیان قسم کا نیا ہائبرڈ چاول کا بیج تیار کر لیا گیا ہے جس سے چاول کی فی ایکڑ پیداوار تین گنا بڑھ کر 140 من تک پہنچنے کا امکان ہے۔
نئے ہائبرڈ چاول کا تجربہ پاکستان کے چاروں صوبوں کے مختلف شہروں میں کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی کے چئیرمین شعبہ پلانٹ بریڈنگ جینیٹکس ڈاکٹر محمد اشفاق نے بتایا کہ یہ کامیابی 10 سالہ تحقیق اور تجربے کا نتیجہ ہے۔ نئے بیج کو PU786 کے نام سے رجسٹر کرایا گیا ہے اور یہ بیکٹیریائی بیماریوں، شدید گرمی اور کیڑوں کے خلاف مزاحمت رکھتا ہے۔
پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل نے اس نئی ایجاد کی منظوری دے دی ہے جو ملکی زرعی شعبے میں انقلاب کی نوید ہے۔ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی نے اس موقع پر کہا کہ یہ مشترکہ تحقیقی منصوبہ پاکستان اور چین کے تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہائبرڈ چاول نہ صرف کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کرے گا بلکہ غذائیت کے حوالے سے بھی شہریوں کے لیے فائدہ مند ہوگا۔ اس نئی ایجاد سے پاکستانی چاول کی عالمی مارکیٹ میں برآمدات میں بھی اضافہ متوقع ہے۔