
پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتے ہوئے سیاسی تناؤ کو ختم کرنا ناگزیر ہو چکا ہے اور اس مقصد کے لیے مقتدر حلقوں کو اپنی آئینی و اخلاقی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔
پشاور میں پارٹی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک اس وقت شدید سیاسی کشیدگی کا شکار ہے، جس کا براہِ راست اثر جمہوری عمل اور ملکی ترقی پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی اور سینیٹرز کو نااہل قرار دینا حالات کو مزید کشیدہ کر رہا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہماری جماعت کے کارکنان اور قیادت نے مقدمات، گرفتاریوں اور نااہلیوں کا سامنا کیا ہے اور بڑی قیمت چکائی ہے۔ "اب وقت آ گیا ہے کہ مقتدر ادارے بھی آگے بڑھیں اور ملک میں سیاسی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ جب عوام میں اضطراب بڑھتا ہے تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔”
انہوں نے کہا کہ آج ہر طرف ایک ہی مطالبہ گونج رہا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان کو رہا کیا جائے۔ "لوگ پہلے پوچھتے تھے کہ عمران خان کا کیس کب لگے گا، اب صبح شام یہی سوال ہوتا ہے کہ وہ کب رہا ہوں گے۔ جب تک وہ رہا نہیں ہوں گے، ہر جانب سے یہی آواز آتی رہے گی۔”
پی ٹی آئی چیئرمین نے واضح کیا کہ ملک میں جمہوریت کو آگے بڑھانے کے لیے اداروں کو غیر جانب دارانہ کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ سیاسی مکالمے اور استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔