پاکستانتازہ ترین

علی امین گنڈا پور کی عمران خان سے متعلق افواہوں کی تردید: "بانیٔ تحریک انصاف پاکستان چھوڑنے کا سوچ بھی نہیں سکتے”

پشاور: وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈا پور نے واضح الفاظ میں ان افواہوں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ بانیٔ تحریک انصاف عمران خان بیرونِ ملک جانے پر آمادہ ہو چکے ہیں۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عمران خان نے کبھی ملک چھوڑنے کا نہ سوچا اور نہ ایسی کوئی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر بانیٔ تحریک انصاف نے کوئی ڈیل کرنی ہوتی تو اب تک وہ ہو چکی ہوتی۔ “یہ تمام مفروضے اور افواہیں ہمارے سیاسی مخالفین کی سازشیں ہیں جن کا مقصد تحریک انصاف کو نقصان پہنچانا ہے،” انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا نے مزید کہا کہ انہیں عمران خان کا بھرپور اعتماد حاصل ہے، اور وہ اسی اعتماد کی بنیاد پر اس عہدے پر فائز ہیں۔ “یہ عمران خان کی حکومت ہے، ان کا مینڈیٹ ہے، اور وہ کبھی بھی پاکستان سے باہر جانے کے حامی نہیں رہے۔”

انہوں نے ملک میں امن و امان کی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات ہی مسائل کا دیرپا حل ہیں، نہ کہ عسکری آپریشنز۔ "ہم ماضی میں کئی آپریشن کر چکے ہیں، مگر دیرپا کامیابی مذاکرات اور عوام کے اعتماد سے ہی ممکن ہے۔”

علی امین گنڈا پور نے افغانستان کے ساتھ تعلقات کی بہتری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک سے بہتر روابط اور خطے میں امن و استحکام کیلئے کھلے دل سے بات چیت ضروری ہے۔

وزیر اعلیٰ نے عوامی اعتماد کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا، "جب تک حکومت، اداروں اور عوام کے درمیان اعتماد بحال نہیں ہوتا، ہم ترقی کی راہ پر نہیں بڑھ سکتے۔ امن، ترقی اور خوشحالی کا انحصار عوامی اعتماد اور اتفاق رائے پر ہے۔”

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button