
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفاقی حکومت اور شوگر مافیا پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں چینی بحران کی بنیادی وجہ وہ مافیا ہے جسے حکمران طبقے کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ شوگر مافیا آج بھی بے لگام ہے اور وفاقی حکومت انہیں روکنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ جعلی وفاقی حکومت نے عوام کو چینی مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، جس کا خمیازہ عام شہری مہنگائی کی صورت میں بھگت رہا ہے۔
بیرسٹر سیف نے الزام عائد کیا کہ شریف خاندان نے شوگر مافیا کے ذریعے عوام کی جیبوں سے اربوں روپے نکلوائے، کیونکہ ان کی اپنی شوگر ملوں کو براہِ راست فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔ ان کے بقول، یہ ایک منظم لوٹ مار ہے جس کے پیچھے طاقتور سیاسی شخصیات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، اور دوسری طرف حکمران خاندانوں کے اثاثے مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریلیف دینا تو دور کی بات، یہ حکمران عوام کو مزید اذیت میں مبتلا کر رہے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے مطالبہ کیا کہ شوگر مافیا کے خلاف فوری اور شفاف کارروائی کی جائے اور اس گٹھ جوڑ کو بے نقاب کیا جائے تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔