
راولپنڈی: تحریکِ انصاف کے بانی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ 5 اگست اور 14 اگست دونوں اہم دن ہیں، اور تحریک انصاف کی اگلی بڑی سیاسی تحریک 14 اگست کو شروع کی جائے گی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بانیٔ تحریکِ انصاف کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چوری کیا گیا، میڈیا کو دبایا جا رہا ہے اور عدلیہ کو حکومتی دباؤ میں لایا گیا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ، جنرل مشرف دور کی ق لیگ کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانیٔ تحریکِ انصاف کا مؤقف ہے کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات خراب نہیں ہونے چاہییں۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے کئی ارکان کو غیر قانونی طریقے سے نااہل کیا گیا ہے، اور ان ارکان کی نشستوں پر پارٹی الیکشن کا بائیکاٹ کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بانیٔ تحریکِ انصاف کے بچوں نے نائیکوپ اور ویزہ کے لیے درخواست دی ہے لیکن حکومت انہیں پاکستان آنے سے روکنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو وہ دوبارہ اڈیالہ جیل آئیں گی، اور اگر بچوں کو ملاقات کی اجازت ملی تو وہ بھی آئیں گے۔