
ملک بھر میں 14 اگست، یومِ آزادی کی تیاریاں پورے جوش و خروش اور جذبے کے ساتھ جاری ہیں۔ رواں برس یومِ آزادی "معرکۂ حق” کے عنوان سے منایا جائے گا، جس کا مقصد قومی یکجہتی، حب الوطنی، اور تجدیدِ عہد کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق، اس سال کی تقریبات میں وطن سے محبت، اتحاد، یگانگت اور ایک روشن مستقبل کی اُمیدوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ تقریبات کا بنیادی پیغام دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ پاکستانی قوم خوددار، باوقار اور ہر میدان میں کامیابی کی متلاشی ہے۔
یومِ آزادی کے موقع پر وطنِ عزیز کے لیے قربانیاں دینے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا، غازیوں کو سلام اور قوم کے جذبۂ قربانی کو سراہا جائے گا۔ ملک بھر میں سرکاری و نجی سطح پر تقاریب، ریلیاں، پرچم کشائی کی تقریبات اور ثقافتی مظاہرے منعقد ہوں گے۔
ترجمان حکومت کا کہنا ہے کہ قوم کا ہر فرد، مسلح افواج، ریاستی ادارے اور حکومت یک زبان ہو کر پاکستان کی ترقی، خودمختاری اور استحکام کے لیے ایک صف میں کھڑے ہیں۔ یہ جشنِ آزادی صرف ماضی کی یاد نہیں بلکہ مستقبل کی طرف بڑھتے مضبوط قدموں کی علامت ہے۔