پاکستانتازہ ترینتعلیم

گرمیوں کی تعطیلات ختم، اسکول دوبارہ کھل گئے

کراچی/کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) – سندھ اور بلوچستان میں گرمیوں کی طویل تعطیلات کے بعد سرکاری و متعدد نجی تعلیمی ادارے آج دوبارہ کھل گئے، جہاں تدریسی عمل کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے یکم جون سے 31 جولائی تک تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے تحت سرکاری اسکولوں میں آج یکم اگست سے تدریسی سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں۔ بلوچستان میں بھی اسکولوں نے آج سے اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔

تاہم اسکول کھلنے کے پہلے روز طلبہ کی حاضری معمول سے خاصی کم رہی۔ بیشتر کلاس رومز جزوی طور پر خالی نظر آئے، جبکہ اساتذہ اور انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں حاضری معمول پر آ جائے گی۔

دوسری جانب کراچی کے بیشتر نجی تعلیمی اداروں نے اسکولز 4 اگست سے کھولنے کا اعلان کیا ہے، جس کی وجہ سے شہر کے نجی اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں تاخیر سے شروع ہوں گی۔

والدین کی جانب سے بھی شدید گرمی، حبس اور بچوں کی بیماریوں کے خطرے کے پیش نظر اسکول بھیجنے میں ہچکچاہٹ دیکھی گئی، جس کی وجہ سے حاضری متاثر ہوئی۔

محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ تمام اسکولوں میں تدریسی عمل کے ساتھ ساتھ طلبہ کی صحت و حفاظت کے لیے ضروری انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button