
کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) – کوئٹہ میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف آج سے باضابطہ طور پر کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں افغان مہاجرین کے انخلا کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ جن افغان باشندوں کے پاس قانونی طور پر پاکستان میں قیام کا جواز موجود نہیں ہے، ان کے خلاف مرحلہ وار کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈی سی کوئٹہ کا کہنا تھا کہ پی او آر (Proof of Registration) کارڈ رکھنے والے افغان مہاجرین کو قیام کے لیے 31 جولائی تک کی مہلت دی گئی تھی، جو اب ختم ہو چکی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ غیر قانونی مقیم افراد کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ اس عمل میں سیکیورٹی اداروں، محکمہ داخلہ اور دیگر متعلقہ محکموں کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں، خصوصاً افغان باشندوں کی واپسی کے لیے مرحلہ وار پالیسی مرتب کر رکھی ہے، جس کا مقصد ملکی سیکیورٹی اور اندرونی نظم و نسق کو مؤثر بنانا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مرحلے میں ترجیح ان افراد کو دی جائے گی جن کے پاس پی او آر یا کسی بھی قسم کے قانونی دستاویزات موجود نہیں ہیں، اور جو حساس یا غیر رجسٹرڈ علاقوں میں مقیم ہیں۔
31 جولائی کی ڈیڈ لائن ختم، ضلعی انتظامیہ متحرک