پاکستانتازہ ترین

ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی موسم خوشگوار، گرمی کا زور ٹوٹنے کا امکان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) – محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس سے شدید گرمی اور حبس کے ستائے عوام کو کچھ ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب، خطۂ پوٹھوہار، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بعض مقامات پر بارش متوقع ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو جائے گا۔

کراچی میں معمول سے تیز ہوائیں چلنے اور ہلکی بوندا باندی یا بارش کی توقع کی جا رہی ہے، جب کہ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم بدستور گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے مختلف اضلاع بشمول تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپور خاص، ٹھٹھہ، سجاول اور بدین میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ ادھر لاہور کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو چکا ہے اور وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، بالائی اور وسطی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ دیگر علاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تیز ہواؤں اور ممکنہ ژالہ باری کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر پہاڑی علاقوں اور نشیبی مقامات پر رہنے والے افراد ہوشیار رہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button