پاکستانتازہ ترین

پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری: راولپنڈی پولیس نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں، چھاپے جاری

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف جاری عدالتی کارروائی کے سلسلے میں راولپنڈی پولیس نے انسداد دہشت گردی عدالت کے جاری کردہ ناقابلِ ضمانت وارنٹس کی روشنی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، جو مختلف علاقوں میں چھاپے مار رہی ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے مقدمات کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں، جو تھانہ صادق آباد، تھانہ واہ کینٹ اور تھانہ نصیر آباد میں درج کیے گئے تھے۔ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے ان مقدمات میں پی ٹی آئی کے 65 رہنماؤں اور کارکنان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

عدالتی احکامات کے مطابق:

تھانہ صادق آباد کے مقدمہ میں 28 ملزمان کے وارنٹ جاری کیے گئے۔

تھانہ واہ کینٹ میں 18 ملزمان کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے۔

تھانہ نصیر آباد میں 19 افراد کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

وارنٹ گرفتاری حاصل کرنے والے نمایاں رہنماؤں میں سابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، سابق وفاقی وزراء علی امین گنڈا پور، حماد اظہر، علیمہ خان، عمر ایوب، میاں اسلم اقبال، شیخ وقاص اکرم، اور دیگر شخصیات شامل ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد عدالتی کارروائی سے بچنے کے لیے روپوش ہیں، جس پر عدالت نے عدم حاضری کی بنیاد پر وارنٹ جاری کیے۔ تمام مطلوب افراد کو جلد از جلد گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ترجمان پولیس نے واضح کیا کہ عدالتی احکامات پر ہر صورت عملدرآمد کیا جائے گا اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button