
جگن کاظم نے علیزے شاہ کے حق میں آواز بلند کر کے سوشل میڈیا پر ٹرولنگ بند کرنے کی اپیل کردی
کراچی: پاکستانی اداکارہ اور میزبان جگن کاظم نے اپنی ساتھی اداکارہ علیزے شاہ کے حق میں ایک جذباتی ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدارا، ایک دکھی دل پر مزید وار نہ کیے جائیں۔ جگن نے علیزے شاہ کو درپیش ذہنی دباؤ اور ماضی کی تکلیف دہ یادوں کا ذکر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ہونے والی شدید تنقید اور ٹرولنگ کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ویڈیو میں جگن کاظم نے کہا:
"علیزے اس وقت شدید ذہنی دباؤ اور جذباتی تکلیف کا شکار ہے، وہ پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر (PTSD) جیسے مسائل سے گزر رہی ہے۔ ہم اسے مزید کیوں تکلیف پہنچا رہے ہیں؟”
انہوں نے اپنی ماضی کی غلطیوں پر معافی کا ذکر بھی کیا:
"میں بھی ان لوگوں میں شامل تھی جنہوں نے اسے تکلیف دی، اسی لیے میں نے معافی مانگی اور خوشی ہے کہ علیزے نے میرے پیغام کا بہت مثبت جواب دیا۔”
جگن نے سوشل میڈیا صارفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا:
"کیا آپ واقعی اتنے فارغ ہیں کہ کسی کی پروفائل تلاش کریں، اس کی زندگی پر نظر رکھیں اور اسے نشانہ بنائیں؟ ہر انسان کی زندگی کا ایک ایسا پہلو ہوتا ہے جو وہ دنیا سے چھپانا چاہتا ہے۔ مہربانی کر کے یہ رویہ چھوڑیں اور دوسروں کے دکھ کو سمجھیں۔”
یہ ویڈیو پیغام ایسے وقت آیا ہے جب علیزے شاہ کو ماضی کی زیادتیوں اور حالیہ سوشل میڈیا تنقید کی وجہ سے شدید ذہنی دباؤ کا سامنا ہے۔ جگن کاظم کی ہمدردانہ باتوں نے سوشل میڈیا پر بھی خوب پذیرائی حاصل کی ہے اور کئی لوگوں نے اس پر اتفاق کیا کہ ہر انسان کو احترام اور ہمدردی کی ضرورت ہوتی ہے۔