
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی جانب سے اپنے بیٹوں کو پاکستان نہ بلانے کے فیصلے کو "سیاسی ڈرامہ” قرار دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کا کوئی بھی اقدام سیاسی یا مالی مفاد سے خالی نہیں ہوتا۔
خواجہ آصف کا یہ بیان عمران خان کی جانب سے دیے گئے اس بیان کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اُن کے بیٹے قاسم اور سلیمان پاکستان نہیں آئیں گے اور کسی احتجاجی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے۔
وزیر دفاع نے اپنے ردعمل میں کہا کہ یہ محض ایک اور "سیاسی اسٹیجنگ” ہے، جس کا مقصد والد اور اولاد کی ملاقات نہیں بلکہ سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے۔ ان کے مطابق، "یہ بھی عمران خان کے بے شمار ڈراموں میں سے ایک ہے۔”
انہوں نے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس جماعت کے کارکنان اور ان کے خاندان اقتدار کی ہوس اور خواہشات کی تکمیل کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔ خواجہ آصف نے مزید کہا:
"قربانیوں کے لیے اولاد بھی دوسروں کی اور مال بھی دوسروں کا ہوتا ہے۔ تاریخ میں اس درجے کی نوسر بازی کم ہی دیکھنے کو ملی ہے۔”
حالیہ دنوں میں سیاسی قیادت کے درمیان تنقید اور جوابی بیانات کا سلسلہ زور پکڑ چکا ہے، اور یہ تازہ بیان بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی سمجھا جا رہا ہے۔