
پی سی بی کی ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے نئی فٹنس پالیسی، تمام کھلاڑیوں کے لیے فٹنس ٹیسٹ لازمی قرار
لاہور (اسپورٹس ڈیسک) – پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار کو بہتر بنانے اور کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس یقینی بنانے کے لیے 2025-26 سیزن سے قبل نئی فٹنس پالیسی متعارف کروا دی ہے۔ نئی پالیسی کے تحت تمام ریجنل اور ڈیپارٹمنٹل کھلاڑیوں کے لیے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا لازم ہوگا۔
پی سی بی کے مطابق اگست میں اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچز تقریباً 400 ریجنل کرکٹرز کا فٹنس جائزہ لیں گے، اور کھلاڑیوں کو پہلی یا دوسری کوشش میں فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا ہوگا۔ فٹنس معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پی سی بی نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ بھی خود لینے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ تمام کھلاڑی ایک ہی معیار پر پرکھے جا سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پاتھ ویز اور ایج گروپ کرکٹ کے لیے بھی الگ فٹنس پالیسی تیار کی گئی ہے۔
لیڈ اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ یاسر ملک کا کہنا ہے کہ "ڈومیسٹک کرکٹ پاکستان کرکٹ کا اصل ستون اور ٹیلنٹ کی نرسری ہے۔ ہم معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔” انہوں نے کہا کہ نئی فٹنس پالیسی کا مقصد قومی ٹیم کے لیے زیادہ فٹ اور مقابلہ کرنے کے قابل کھلاڑی تیار کرنا ہے۔