پاکستانتازہ ترین

بھارت کی جانب سے پانی روکنے کو جنگ قرار دیا جائے گا ،نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا اعلان

نیویارک (نمائندہ خصوصی) – نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب اور پریس کانفرنس میں واضح الفاظ میں کہا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکا یا رخ موڑا تو اسے پاکستان کی جانب سے اعلان جنگ تصور کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ طاس معاہدہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے جسے کوئی بھی ملک یکطرفہ طور پر ختم نہیں کر سکتا اور پاکستان کو تینوں دریاؤں پر مکمل حق حاصل ہے۔ بھارت کی جانب سے متضاد بیانات کے باوجود پاکستان مکمل طور پر الرٹ ہے۔

اسحاق ڈار نے بھارت کے ساتھ مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت جامع مذاکرات کرنا چاہے تو پاکستان ہر وقت تیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔

نائب وزیر اعظم نے ماضی میں سرحدیں کھولنے اور عسکریت پسندوں کو آزاد کرنے کو پاکستان کی غلطی قرار دیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج امن قائم رکھنے کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 19 اپریل کو افغانستان کا دورہ کیا جہاں افغان نگراں وزراء سے بات چیت ہوئی اور انہیں کہا گیا کہ اپنی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔

اسحاق ڈار نے او آئی سی کے حوالے سے کہا کہ پاکستان اس تنظیم کا بانی ممبر ہے، اسلامو فوبیا کے خلاف مستقل نمائندہ مقرر کروانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اور فلسطین کے ساتھ کشمیر کے مسئلے کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے فلسطینیوں کے حق خود ارادیت اور دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button