
پشاور (نمائندہ خصوصی) – پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے آئندہ احتجاجی لائحہ عمل طے کرنے کے لیے 31 جولائی کو پشاور میں اہم مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پارٹی کریں گے جس میں سیکرٹری جنرل اور مرکزی قیادت شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسلام آباد مارچ یا صوبائی سطح پر احتجاج کے آپشنز پر غور کیا جائے گا، جبکہ پارٹی کے بعض رہنما اسلام آباد مارچ کے حق میں نہیں ہیں اور متبادل حکمت عملی پر زور دے رہے ہیں۔
قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب نے بتایا کہ احتجاج کے حوالے سے فیصلے جلد حتمی کیے جائیں گے اور 31 جولائی کا اجلاس اہم نوعیت کا ہوگا۔
پی ٹی آئی قیادت سیاسی صورتحال اور عوامی جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے مؤثر اور پرامن احتجاج کے لیے مشاورت کر رہی ہے۔