صحت

تحقیق میں وارننگ: پروٹین سے بھرپور غذائیں (روزانہ 22 فیصد سے زائد کیلوریز) دل کی شریانوں کے امراض کا باعث بن سکتی ہیں

نئی تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ پروٹین سے بھرپور غذا خاص طور پر وہ جس سے روزانہ کی خوراک کا 22 فیصد یا اس سے زیادہ کیلوریز حاصل ہوں، ایتھروسلیروسس یعنی شریانوں کے سخت اور تنگ ہونے کے امکانات کو بڑھا سکتی ہے، جو قلبی امراض کا باعث بنتی ہے۔

یونیورسٹی آف پٹسبرگ کے محققین نے جانوروں اور چھوٹے پیمانے پر انسانوں پر کیے گئے ٹرائلز کے ذریعے دریافت کیا ہے کہ پروٹین کی زیادتی خصوصاً امائنو ایسڈ لیوسن — جو گوشت، انڈے اور دیگر حیوانی مصنوعات میں پایا جاتا ہے — جسم میں میکرو فیجز میں ایم ٹی او آر سگنلنگ کو بڑھا دیتا ہے۔ اس عمل کے نتیجے میں شریانوں میں چکنائی اور دیگر مواد جمع ہونے لگتے ہیں، جس سے شریانیں سخت اور تنگ ہو جاتی ہیں۔

یہ تحقیق جرنل "نیچر میٹابولزم” میں شائع ہوئی ہے، جس میں سربراہ مصنف ڈاکٹر بابک رازانی نے بتایا کہ پروٹین کی مقدار جب روزانہ کی خوراک کا تقریباً 22 فیصد کیلوریز سے زیادہ ہو جاتی ہے، تو خطرات نمایاں ہو جاتے ہیں۔

دوسری جانب، ماہرِ امراضِ قلب ڈاکٹر اسٹیفن ٹینگ، جو اس تحقیق کا حصہ نہیں تھے، نے اس تحقیق کو چھوٹے پیمانے کی وجہ سے محدود قرار دیا، تاہم انہوں نے اتفاق کیا کہ یہ تحقیق اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے پودوں پر مبنی غذا کی طرف رجحان بڑھ رہا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ غذائی پروٹین کی مقدار اور اس کے ماخذ کا محتاط انتخاب کرنا دل کی صحت کے لیے اہم ہے، اور زیادہ حیوانی پروٹین کے استعمال سے پرہیز کرنا بہتر نتائج دے سکتا ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button