
سارہ خان کا فیمنزم سے متعلق بیان ایک بار پھر وائرل، وضاحت بھی دے دی
کراچی:
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ خان ایک بار پھر فیمنزم سے متعلق اپنے خیالات کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔ حال ہی میں انسٹاگرام پر دیے گئے اپنے طویل نوٹ میں انہوں نے فیمنزم پر وضاحت پیش کی ہے، جس کا کلپ وائرل ہونے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا تھا۔
سارہ خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا:
"اگر میں کہتی ہوں کہ میں فیمنسٹ نہیں ہوں، تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں خواتین کے برابری کے حقوق کی مخالف ہوں۔ میں برابری، احترام اور برابر مواقع پر یقین رکھتی ہوں۔”
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ:
"میں آج کل کے فیمنزم کی حمایت نہیں کرتی، کیونکہ میرا ماننا ہے کہ عورتوں کی اصل طاقت مردوں کا مقابلہ کرنے میں نہیں، بلکہ ایک رانی کی طرح عزت، محبت اور اہمیت پانے میں ہے۔”
پچھلا بیان اور تنازع
یاد رہے کہ کچھ دن قبل سارہ خان کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہوا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ:
"میں فیمنسٹ نہیں ہوں، مردوں کے کام مردوں کو کرنے دیں، میں بلوں کی لائن میں لگنے کے بجائے گھر پر سکون کرنا پسند کرتی ہوں۔”
اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ بعض افراد نے ان کے خیالات کو روایتی اقدار سے ہم آہنگ قرار دیتے ہوئے ان کی حمایت بھی کی۔
سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل
سارہ خان کا تازہ بیان بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے، جہاں صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ کچھ افراد ان کے مؤقف کو "خواتین کے روایتی وقار” سے جوڑ کر سراہ رہے ہیں، تو کچھ اسے فیمنزم کے مفہوم کو محدود کرنے کے مترادف قرار دے رہے ہیں۔