
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، اور اس واقعے میں سزا یافتہ و نااہل قرار دیے گئے ارکان اسمبلی کی نشستوں پر جلد ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ بانی تحریک انصاف کی دوغلی سیاست اور جھوٹ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں، اب مزید کسی کو دھوکا نہیں دیا جا سکتا۔
انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں تو تبدیلی منتخب اراکین کا جمہوری حق ہے، اور آئین کے مطابق تمام سیاسی عمل جاری رہے گا۔
رانا تنویر حسین نے اس موقع پر آفت زدہ علاقوں کی صورتحال پر بھی بات کی اور کہا کہ وفاقی حکومت متاثرہ علاقوں کی پہلے کی طرح بھرپور مدد جاری رکھے گی تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔