اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے، جبکہ بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور حبس زدہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، جہلم، اٹک، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین اور لاہور میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے دیر، چترال، سوات، بونیر، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، مردان، صوابی، پشاور، باجوڑ، مہمند، کرم، خیبر، اورکزئی اور وزیرستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
سندھ کے عمرکوٹ، تھرپارکر، ٹھٹھہ، بدین، کراچی، خیرپور، سانگھڑ، مٹھی اور میرپور خاص میں بھی چند مقامات پر بادل برس سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چند علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں ممکنہ پانی جمع ہونے سے متعلق الرٹ رہیں۔۔





