کھیل

شاداب خان کی واپسی کا انتظار: کوچ کا اعتماد، نائب کپتانی کا عہدہ تاحال خالی

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم میں نائب کپتانی کا عہدہ شاداب خان کی واپسی کے انتظار میں تاحال خالی ہے۔ کوچ مائیک ہیسن کی خصوصی ہدایت پر دورہ بنگلہ دیش اور اب ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں بھی کسی نائب کپتان کا اعلان نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مائیک ہیسن، جو اسلام آباد یونائیٹڈ میں شاداب خان کے ساتھ کام کر چکے ہیں، انہیں ایک مؤثر آل راؤنڈر اور عمدہ ٹیم مین کے طور پر دیکھتے ہیں۔ دونوں کے درمیان اچھی انڈراسٹینڈنگ اور باہمی اعتماد موجود ہے، جس کی بنیاد پر کوچ شاداب خان کی مکمل صحتیابی کا انتظار کر رہے ہیں۔

تاہم ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی میں موجود ایک بااثر رکن شاداب کی واپسی کے خلاف ہیں اور ان کا خیال ہے کہ سینئر آل راؤنڈر کی ٹیم میں شمولیت اور نائب کپتانی درست فیصلہ نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق موجودہ کپتان سلمان علی آغا ایک غیر متنازع اور پروفیشنل کرکٹر ہیں، جو میدان میں خاموشی سے اپنی کارکردگی پر توجہ دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ شاداب خان ماضی میں نائب کپتان کے طور پر نہ صرف قائدانہ کردار ادا کرتے رہے ہیں بلکہ کئی مواقع پر میدان میں اہم فیصلے بھی خود کرتے نظر آئے۔ وہ بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی سے لے کر مخصوص کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرانے تک اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے رہے ہیں۔

اس وقت تک شاداب خان کی فٹنس کی مکمل بحالی کا امکان ایشیا کپ تک نہیں ہے، جبکہ ان کی ممکنہ واپسی اکتوبر میں متوقع ہے۔ اس دوران یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ آیا ٹیم مینجمنٹ نائب کپتانی کے لیے کوئی نیا نام سامنے لاتی ہے یا پھر شاداب کی واپسی تک انتظار جاری رکھے گی۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button