لاہور / حافظ آباد / پنڈی بھٹیاں (خصوصی نمائندہ) – وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بارش اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے بڑا اور تاریخی ریلیف پیکج دیتے ہوئے فی خاندان 10 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ متاثرہ علاقوں میں عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے اور ان کے ساتھ عملی یکجہتی کا اظہار ہے۔
یہ اعلان ہفتے کے روز سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے حافظ آباد اور پنڈی بھٹیاں کے دورے کے دوران کیا، جہاں انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ مریم اورنگزیب نے کہا:
"وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں حکومت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ہر متاثرہ خاندان کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے گا، اور تباہ شدہ علاقوں کی مکمل بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔”
حکومت پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ شفاف طریقے سے متاثرہ خاندانوں کی نشاندہی اور امداد کی فوری تقسیم کو یقینی بنائیں۔ امدادی چیکس جلد ہی تقسیم کیے جائیں گے تاکہ متاثرہ افراد اپنی زندگیوں کی بحالی کا آغاز کر سکیں۔
یہ ریلیف پیکج ان لوگوں کے لیے امید کی کرن ہے جو حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہوئے، اور جنہیں مالی و جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ وزیراعلیٰ کا یہ اقدام نہ صرف متاثرہ خاندانوں کے لیے ایک بڑا سہارا ہے بلکہ یہ پنجاب حکومت کی انسانی ہمدردی اور عملی اقدامات کا مظہر بھی ہے۔





