
اسلام آباد: خیبر پختونخوا سے منتخب ہونے والے پانچ آزاد سینیٹرز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ ان سینیٹرز میں مرزا آفریدی، اعظم سواتی، فیصل جاوید، نورالحق قادری اور روبینہ ناز شامل ہیں جنہوں نے اپنی پارٹی شمولیت کے ڈیکلریشن چیئرمین پی ٹی آئی کو جمع کرا دیے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی ان ڈیکلریشنز کو الیکشن کمیشن میں جمع کروائیں گے، جس کے بعد یہ سینیٹرز باضابطہ طور پر تحریک انصاف کا حصہ بن جائیں گے۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کے سینیٹ انتخابات میں حکومت اور اپوزیشن اتحاد نے تمام نشستیں حاصل کی تھیں، جس میں حکومت کے حصے میں 6 اور اپوزیشن کے حصے میں 5 نشستیں آئیں۔ 7 جنرل نشستوں میں سے 4 پر پی ٹی آئی اور 3 پر اپوزیشن نے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ خواتین کی دو نشستوں میں سے ایک پر پی ٹی آئی اور دوسری پر پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی تھی۔ ٹیکنوکریٹس کی دو نشستوں میں سے ایک پر تحریک انصاف اور دوسری پر جمعیت علماء اسلام کامیاب ہوئی تھی۔