اوورسیز

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی جھڑپیں، 32 افراد ہلاک، 130 زخمی

بنکاک / پنوم پن: تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جاری سرحدی جھڑپوں کے دوران اب تک دونوں اطراف سے مجموعی طور پر 32 افراد ہلاک اور 130 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں سے ہزاروں افراد نے نقل مکانی کر لی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، کمبوڈین حکام کا کہنا ہے کہ جھڑپوں کے دوران ان کے 12 شہری ہلاک ہوئے ہیں جن میں 7 عام شہری اور 5 فوجی اہلکار شامل ہیں۔

کمبوڈیا کی وزارتِ قومی دفاع کی ترجمان مالی سوچیتا نے صحافیوں کو بتایا کہ اب تک 50 عام شہری اور 20 فوجی اہلکار زخمی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرحدی صورتحال اب بھی کشیدہ ہے اور فوج کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ادھر کمبوڈین میڈیا کے مطابق، تھائی لینڈ سے متصل صوبہ پریح ویہار سے اب تک 20 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی کر چکے ہیں، جنہیں عارضی کیمپوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

جھڑپوں کی وجوہات کے حوالے سے تاحال واضح معلومات سامنے نہیں آئیں، تاہم علاقائی مبصرین کا کہنا ہے کہ سرحدی حدود اور تاریخی تنصیبات پر ملکیتی دعوے ان کشیدگیوں کا سبب بن رہے ہیں۔

تھائی لینڈ کی جانب سے ہلاکتوں اور نقصانات کی تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئیں، تاہم مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ دونوں اطراف بھاری اسلحہ کا استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے عام شہری بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

خطے میں بڑھتی کشیدگی پر عالمی برادری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ فوری جنگ بندی کریں اور تنازع کو سفارتی ذرائع سے حل کریں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button