پاکستانتازہ ترین

خاندانی خطرات کا اندیشہ: جمائما نے قاسم اور سلیمان کی پاکستان آمد مؤخر کر دی

اسلام آباد – پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کے بیٹوں، قاسم اور سلیمان، کو ان کی والدہ جمائما گولڈ اسمتھ نے امریکہ سے واپس لندن بلا لیا ہے اور انہیں ایک بار پھر پاکستان جانے سے روک دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، جمائما نے یہ فیصلہ ان کے بیٹوں کو ممکنہ سکیورٹی خدشات، بالخصوص بانی کی بہنوں اور بعض قریبی رشتہ داروں سے لاحق خطرات کے پیش نظر کیا ہے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق، جمائما گولڈ اسمتھ کو پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے بعض افراد نے پیغامات ارسال کیے تھے، جن میں خبردار کیا گیا تھا کہ قاسم اور سلیمان کو ممکنہ خطرہ ریاستی اداروں سے کم اور بانی کی قریبی عزیزاؤں سے زیادہ ہو سکتا ہے، جنہوں نے ماضی میں جمائما کو بھاوج کے طور پر قبول نہیں کیا اور نہ ہی ان کے بچوں سے کبھی جذباتی وابستگی ظاہر کی۔

تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قاسم اور سلیمان کی ممکنہ پاکستان آمد سے پارٹی کو ایک نئی تحریک دینے کی امید تھی، جو اب معدوم ہوتی نظر آ رہی ہے۔ پی ٹی آئی قیادت، خصوصاً امریکہ میں مقیم عہدیداران، دونوں بیٹوں کے ساتھ امریکی قیام کے دوران روا رکھی گئی سرد مہری اور عدم تعاون پر شدید مایوسی کا شکار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نہ صرف امریکی انتظامیہ بلکہ پارٹی کے روایتی حامی لابی گروپوں نے بھی ان کی آمد کو اہمیت نہیں دی۔

دریں اثناء، پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور دیگر مرکزی رہنما بھی صورتحال سے دلبرداشتہ نظر آتے ہیں۔ پارٹی کے اندرونی ذرائع کے مطابق، موجودہ سیاسی اور قانونی دباؤ کے باعث وفاقی و صوبائی سطح پر پارٹی ارکان کی بڑی تعداد کی گرفتاریوں کا خدشہ بھی شدت اختیار کر گیا ہے، جس سے پارٹی قیادت میں بے چینی بڑھتی جا رہی ہے۔

تاہم پی ٹی آئی کے قانونی مشیر نعیم پنجوتھا نے اس صورتحال کے برعکس بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ قاسم اور سلیمان جلد اپنے والد سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان آئیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ "یہ وقتی رکاوٹ ہے، وہ اپنے والد کے ساتھ کھڑے ہیں اور جلد عوام کے درمیان نظر آئیں گے۔”

ادھر، تحریک انصاف کے اندر مختلف گروپوں میں قاسم اور سلیمان کے دورہ امریکا کی "ناکامی” کا الزام ایک دوسرے پر ڈالنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، جس سے پارٹی کے اندر اختلافات مزید نمایاں ہو رہے ہیں۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button