
اسلام آباد: پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے ماہِ صفر 1447 ہجری کے نئے چاند سے متعلق فلکیاتی پیش گوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق پاکستان میں 25 جولائی 2025 (جمعہ) کی شام چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔
ترجمان سپارکو کے مطابق نئے قمری مہینے کا چاند 25 جولائی 2025 کو رات 12 بج کر 11 منٹ پر پیدا ہوگا۔ غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 19 گھنٹے 31 منٹ ہوگی، جو کہ ہلال کی رویت کے لیے کم از کم عمر کے قریب ہے۔
سپارکو کے مطابق پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور چاند کے غروب ہونے کے درمیان 43 منٹ کا وقفہ متوقع ہے، جو کہ رویتِ ہلال کے لیے اہم فیکٹر ہے۔ تاہم، موجودہ مون سون سیزن اور موسم کی غیر یقینی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے 25 جولائی کی شام چاند کی رویت کا امکان انتہائی کم ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اگر فلکیاتی و موسمی حالات یہی رہے تو یکم صفر 1447 ہجری، بروز اتوار 27 جولائی 2025 کو ہونے کا امکان ہے، تاہم حتمی اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔