
زیادہ چکن کھانے سے کینسر کا خطرہ؟ جانیں کیسے بچاؤ ممکن ہے
اگرچہ یہ بات عام فہم نہیں، مگر تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ مخصوص حالات میں زیادہ چکن کھانے سے کینسر کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ یہ خطرہ خاص طور پر اس وقت لاحق ہو سکتا ہے جب چکن کی تیاری اور پکانے کا طریقہ غیر صحتمند ہو۔
پروسیسڈ چکن کا استعمال خطرناک
چکن اگر نگٹس، ساسیجز یا ہاٹ ڈاگز کی شکل میں پروسیس کیا جائے تو اس میں شامل کیمیکل جیسے پریزرویٹوز، نمک اور نائٹریٹس کینسر کے امکانات بڑھا سکتے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پروسیسڈ گوشت کو "carcinogenic to humans” یعنی انسانوں میں کینسر پیدا کرنے والا قرار دیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ ایسے گوشت کا زیادہ استعمال صحت کے لیے مضر ہو سکتا ہے۔
زیادہ گرمی پر پکانا نقصان دہ
اگر چکن کو زیادہ تیز آنچ پر گرِل، باربی کیو یا فرائی کیا جائے تو اس میں Heterocyclic amines اور Polycyclic aromatic hydrocarbons جیسے کیمیکلز بنتے ہیں، جو کہ مختلف سائنسی مطالعات کے مطابق کینسر سے جڑے ہوئے ہیں۔
متوازن غذا کی اہمیت
ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ گوشت کھانے کے ساتھ سبزیاں اور دالیں جیسی فائبر سے بھرپور غذائیں کم لینے سے آنتوں کے کینسر سمیت دیگر بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس لیے متوازن غذا لینا اور پروسیسڈ یا زیادہ گرمی پر پکی ہوئی غذاؤں سے احتیاط کرنا ضروری ہے۔
احتیاطی تدابیر
پروسیسڈ گوشت کے بجائے تازہ اور کم پکایا گیا چکن کھائیں۔
چکن پکاتے وقت درمیانی آنچ کا استعمال کریں اور زیادہ تیز آنچ سے گریز کریں۔
روزمرہ کی خوراک میں سبزیوں اور دالوں کو شامل کریں تاکہ فائبر کی کمی نہ ہو۔
صحت مند طرز زندگی اپنائیں تاکہ بیماریوں کے خطرات کم کیے جا سکیں۔