
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) — قومی آفات کے انتظامی ادارے (این ڈی ایم اے) کی جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں حالیہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں 221 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جب کہ سیکڑوں افراد زخمی اور سینکڑوں مکانات تباہ ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، طوفانی بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں ملک بھر میں 804 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 5 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔ اس دوران 25 مکانات منہدم اور 5 مویشی بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔
صوبہ وار تفصیلات:
پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 135 افراد جاں بحق اور 470 زخمی ہوئے۔ یہاں 24 مکانات مکمل اور 168 جزوی طور پر تباہ ہوئے۔
خیبرپختونخوا میں 40 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، 69 زخمی ہوئے، 78 مکانات مکمل اور 142 جزوی طور پر تباہ ہوئے۔
سندھ میں 22 اموات اور 40 زخمی رپورٹ ہوئے، یہاں 33 مکانات مکمل اور 54 جزوی نقصان کا شکار ہوئے۔
بلوچستان میں 16 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے، 8 مکانات مکمل جبکہ 56 جزوی طور پر تباہ ہوئے۔
گلگت بلتستان میں 3 افراد زخمی ہوئے، 66 مکانات مکمل اور 71 جزوی طور پر تباہ ہوئے۔
آزاد کشمیر میں 1 ہلاکت اور 6 زخمی، 17 مکانات مکمل اور 75 جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
اسلام آباد میں 1 ہلاکت، 1 مکان مکمل اور 35 جزوی طور پر تباہ ہوئے۔
این ڈی ایم اے نے مزید بتایا ہے کہ اب تک بارشوں کے باعث 200 سے زائد مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔ ادارے نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور متاثرین کی امداد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن ہو سکے۔