
واٹس ایپ کا نیا فیچر ’’کوئیک ری کیپ‘‘: بغیر پڑھے پیغامات کی سمری ایک کلک پر!
کیلیفورنیا: دنیا بھر میں مقبول پیغام رسانی ایپ واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت کے لیے ایک نیا اور زبردست فیچر "میسج سمریز” متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد وقت کی بچت اور تیز تر معلوماتی رسائی فراہم کرنا ہے۔
معروف ٹیک ویب سائٹ ویب بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق، واٹس ایپ نے اس فیچر کو "کوئیک ری کیپ” کا نام دیا ہے۔ یہ فیچر صارفین کو چیٹس کے بغیر پڑھے گئے (Unread) پیغامات کی مختصر سمری پیش کرے گا، تاکہ مکمل چیٹ پڑھے بغیر ہی اہم بات کا اندازہ ہو سکے۔
فیچر کیسے کام کرے گا؟
صارفین کسی بھی چیٹ کو منتخب کرکے، مینیو پر کلک کریں گے جہاں "کوئیک ری کیپ” کا آپشن ظاہر ہوگا۔ اس آپشن کو منتخب کرتے ہی، متعلقہ چیٹ کے تمام بغیر پڑھے پیغامات کی خلاصہ شکل میں سمری سامنے آ جائے گی۔
فی الحال کن صارفین کے لیے؟
یہ فیچر ابتدائی طور پر اینڈرائیڈ بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین کے لیے دستیاب ہے، اور فی الحال یہ بائی ڈیفالٹ بند (Off) ہوگا۔ صارف کو خود جا کر اسے فعال (Enable) کرنا ہوگا۔
مقصد کیا ہے؟
واٹس ایپ کا یہ نیا قدم ان صارفین کے لیے مفید ثابت ہوگا جو مصروفیات کی وجہ سے تمام چیٹس تفصیل سے پڑھنے کا وقت نہیں نکال سکتے۔ خاص طور پر گروپ چیٹس یا ورک چیٹس میں، جہاں پیغامات کی بھرمار ہوتی ہے، یہ فیچر وقت کی بچت اور مؤثر مواصلات میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔