اسلام آباد – محکمہ موسمیات نے آج سے ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، جن میں خاص طور پر سندھ، جنوبی پنجاب، کشمیر، شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا اور اسلام آباد شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ تاہم جنوب مشرقی سندھ اور خضدار میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ سندھ کے کچھ حصوں میں موسلادھار بارش بھی ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش بدین میں 68 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جب کہ تھرپارکر اور نگرپارکر میں 12 ملی میٹر بارش ہوئی۔
اتوار کو بھی جنوبی سندھ، مشرقی بلوچستان اور کشمیر کے چند علاقوں میں موسلادھار بارش کی توقع ہے، جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم گرم اور حبس بھرا رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں موسم مرطوب اور جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، اور رات کے وقت چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں موسم گرم اور حبس بھرا رہے گا، مگر دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کرم اور وزیرستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پنجاب میں بھی بیشتر اضلاع میں جزوی ابر آلودگی اور حبس برقرار رہے گا، تاہم بہاولپور، رحیم یار خان، راجن پور، ڈی جی خان میں تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، گجرنوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور اور گردونواح میں رات کے وقت بارش متوقع ہے۔
سندھ کے مختلف شہروں میں جیسے میرپور خاص، مٹھی، تھرپارکر، بدین، سجاول، عمرکوٹ، کراچی، ٹھٹھہ، گھوٹکی، سکھر، شکارپور، جیکب آباد، لاڑکانہ، حیدر آباد اور دیگر مقامات پر بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے، اور بعض جگہوں پر موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، مگر بارکھان، سبی، کوہلو، موسیٰ خیل، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، ڈیرہ بگٹی، نصیرآباد، ژوب، قلات، خضدار، آواران، لسبیلہ اور گردونواح میں بارش متوقع ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ کشمیر کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔





