ورلڈ ماسٹرز اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے پر محمد آصف کو محسن نقوی کی مبارکباد، قومی پرچم کی شان بڑھائی
لاہور (اسپورٹس ڈیسک): چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ورلڈ ماسٹرز اسنوکر چیمپئن شپ 2025 جیتنے پر پاکستان کے مایہ ناز کیوئسٹ محمد آصف کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔
محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ محمد آصف نے فائنل میں بھارتی حریف کو شکست دے کر پاکستان کے قومی پرچم کی شان میں اضافہ کیا اور اپنی مہارت، اعتماد اور غیرمعمولی کھیل سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ "محمد آصف نے جس طرح چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھائی، وہ نہ صرف ان کی مہارت کا ثبوت ہے بلکہ پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک روشن مثال بھی ہے۔”
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ "کھیل ہو یا کوئی اور میدان، پاکستان ہر محاذ پر کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ رہا ہے، اور ان شاء اللہ ہمارے باصلاحیت نوجوان اسی طرح کامیابیوں کا سفر جاری رکھیں گے۔”
یاد رہے کہ محمد آصف پہلے بھی متعدد بین الاقوامی اسنوکر ٹائٹلز جیت چکے ہیں اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کر چکے ہیں۔ ان کی حالیہ کامیابی نے ایک بار پھر اسنوکر کے میدان میں پاکستان کی برتری کو ثابت کر دیا ہے۔




