
اسلام آباد (نیوز ڈیسک): مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے ایک خوشخبری سامنے آئی ہے، ملک بھر میں بجلی 65 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے جون 2025 کے لیے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو درخواست جمع کرا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق نیپرا اس درخواست پر 30 جولائی 2025 کو سماعت کرے گا، جس کے بعد بجلی کی قیمت میں ممکنہ کمی کی حتمی منظوری دی جائے گی۔
سی پی پی اے کے مطابق جون کے دوران بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو 13 ارب 31 کروڑ یونٹس سے زائد بجلی فراہم کی گئی، جس کی اوسط لاگت 7 روپے 68 پیسے فی یونٹ رہی۔ اس کے برعکس جون کے لیے ریفرنس لاگت 8 روپے 33 پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی تھی۔
قیمت میں فرق کی بنیاد پر عوام کو ریلیف دینے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے تحت فی یونٹ 65 پیسے تک کمی کی جا سکتی ہے۔ اگر نیپرا نے اس پر منظوری دے دی تو اگلے ماہ کے بلوں میں عوام کو واضح ریلیف ملے گا۔
توانائی ماہرین کے مطابق اگر یہ کمی منظور ہو جاتی ہے تو یہ مہنگائی کے اس دور میں بجلی کے بلوں سے پریشان عوام کے لیے ایک بڑا ریلیف ہو گا۔