
واشنگٹن (نیوز ڈیسک): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان شدید کشیدگی کے دوران پانچ جنگی طیارے مار گرائے گئے تھے۔ ریپبلکن سینیٹرز کے اعزاز میں منعقدہ ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ اُس وقت دونوں ایٹمی ریاستیں ایک خطرناک جنگ کے دہانے پر پہنچ چکی تھیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا، "پاک بھارت کشیدگی کے دوران صورتحال بے حد نازک تھی، اور ذاتی سفارتی کوششوں سے میں نے جنگ روکنے میں کلیدی کردار ادا کیا، جس سے نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا ایک ممکنہ ایٹمی تصادم سے بچ گئی۔ مجھے فخر ہے کہ میں نے دنیا میں کئی جنگیں روکنے میں کردار ادا کیا۔”
صدر ٹرمپ کے اس بیان نے بھارتی مؤقف پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے، جبکہ پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر تقویت ملی ہے۔ ان کا یہ بیان بھارت کی جانب سے دیے گئے متعدد متنازع دعوؤں کی نفی کرتا ہے اور اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ پاکستان نے اپنی خود مختاری اور امن کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔
بین الاقوامی تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی صدر کا یہ بیان ایک اہم سفارتی موڑ ہے جو جنوبی ایشیائی خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔