
راولپنڈی / اسلام آباد / مظفرآباد – 17 جولائی 2025
راولپنڈی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں گزشتہ رات سے جاری موسلادھار بارش نے معمولات زندگی درہم برہم کر دیے ہیں۔ راولپنڈی میں 200 ملی میٹر اور اسلام آباد میں 186 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔
نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، جس کے باعث خطرے کے سائرن بجا دیے گئے اور کٹاریاں و گوالمنڈی کے علاقوں میں انخلاء کی وارننگ جاری کر دی گئی۔ ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں۔
ضلعی انتظامیہ نے ایمرجنسی کی صورت میں پاک فوج کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واسا کے ایم ڈی محمد سلیم اشرف کے مطابق نالہ لئی میں پانی کی سطح کٹاریاں پر 20 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 19 فٹ تک پہنچ چکی ہے، جب کہ نکاسی آب کے لیے اضافی ہیوی مشینری تعینات کر دی گئی ہے۔
دھمیال روڈ کے قریب ایک افسوسناک واقعے میں ایک شخص برساتی نالے میں بہہ گیا۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ شخص کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے ضلع بھر میں ایک دن کی عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ تمام تعلیمی ادارے، دفاتر اور بازار بند رہیں گے۔
اسلام آباد میں بھی کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، جب کہ متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آ چکے ہیں۔
دوسری جانب آزاد کشمیر کی وادی نیلم اور جہلم میں بھی شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کی اطلاعات ہیں۔ جہلم میں سیلاب میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے فوجی دستے طلب کر لیے گئے ہیں۔
تمام ریسکیو ادارے، واسا، سول ڈیفنس، اور 1122 ہائی الرٹ پر ہیں، جب کہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ چند گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو مکمل طور پر الرٹ کر دیا گیا ہے۔