پاکستانتازہ ترین

قومی ایئرلائن کی برطانیہ واپسی: پروازیں کب چلیں گی؟ پی آئی اے نے اعلان کر دیا

اسلام آباد – قومی ایئرلائن پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اگست کے وسط سے برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی پروازیں بحال کر دی جائیں گی۔ یہ اقدام نہ صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے آسانی کا باعث بنے گا بلکہ قومی ایئرلائن کے لیے معاشی استحکام کا ایک اہم قدم بھی ثابت ہوگا۔
ترجمان کے مطابق اسلام آباد اور لاہور سے مانچسٹر اور برمنگھم جبکہ کراچی سے لندن کے لیے پروازیں روانہ ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ پی آئی اے کے لیے یورپ میں سب سے اہم روٹ ہے، اور اس کی بحالی سے قومی ایئرلائن کو معاشی طور پر خاطر خواہ فائدہ ہوگا۔

عبداللہ حفیظ کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نے اپنی تیاری مکمل کر لی ہے اور تمام طیارے تیار حالت میں ہیں، تاہم ادارے کو 4 سے 5 طیاروں کی کمی کا سامنا ہے، جس کے باعث تمام پرانے روٹس کی فوری مکمل بحالی میں کچھ مشکلات ضرور درپیش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے تاکہ پرانے روٹس کو جلد از جلد مکمل طور پر بحال کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ پاکستانی ایئرلائنز کو طویل عرصے بعد برطانوی فضاؤں میں دوبارہ اڑان بھرنے کی اجازت مل گئی ہے، جو کہ ہوا بازی کے شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت اور قومی ایئرلائن کے اعتماد کی بحالی کا ثبوت ہے۔

مزید دیکھیں

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button