
اسلام آباد/راولپنڈی – وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہر راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش نے معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے، جب کہ ندی نالوں میں طغیانی اور سڑکوں کی تباہی نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں ریکارڈ بارش ہوئی، جس میں سب سے زیادہ 125 ملی میٹر بوکرا میں، 106 ملی میٹر سیکٹر I-12 میں، گولڑہ میں 97 ملی میٹر، ایئرپورٹ پر 61 ملی میٹر، سیدپور میں 69 اور زیرو پوائنٹ پر 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ادھر راولپنڈی میں چکلالہ کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر رہا جہاں 133 ملی میٹر بارش ہوئی۔ دیگر علاقوں میں کچہری میں 102، گوالمنڈی میں 90، پیرودھائی میں 80 اور شمس آباد میں 67 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
شدید بارش کے باعث نالہ لئی کی سطح کٹاریاں کے مقام پر خطرناک حد تک بلند ہو کر 15.7 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلابی خطرات بڑھ گئے ہیں۔ ریسکیو ادارے الرٹ پر ہیں اور متاثرہ علاقوں میں نگرانی جاری ہے۔
اڈیالہ روڈ سمیت متعدد سڑکیں بارش کے باعث بیٹھ گئی ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے اور شہریوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا ہے۔
دوسری جانب چکوال میں شدید بارش کے نتیجے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک کچے مکان کی چھت گرنے سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں مکمل کر چکی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔